(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک میں ایران نے سب سے زیادہ فلسطینی کاز کی حمایت کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سینیئر رہنما اسماعیل رضوان نے جمعرات کے دن ایران اور حماس کے تعلقات میں سرد مہری آنے سے متعلق افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطینی استقامت کی حمایت سے متعلق ایران کے مواقف کی قدردانی کرتے ہیں اور ہم اس بات کے قائل ہیں کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ایران نے فلسطینی کاز کی سب سے زیادہ حمایت کی ہے۔اسماعیل رضوان نے مزید کہاکہ محمود عباس قومی آشتی سے بے اعتنائی نہیں برت سکتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ فلسطینیوں کی قومی آشتی کا پختہ عزم پیدا ہوجائے گا۔
تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن موسی ابومرزوق نے بھی الاقصی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے بارے میں حماس کے موقف کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ حماس فلسطینی کاز اور فلسطینی قوم کی حمایت کرنےوالے ہر ملک کی شکرگزار ہے، اس کی قدردانی کرتی ہے اور اس کے لئے بہت احترام کی قائل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ایران کا مقام واضح ہے خاص طور پر اس بات کے پیش نظر کہ استقامت کی حمایت کے سلسلے میں تہران کا موقف عرب اور مسلمان اقوام اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کے موقف سے ہم آہنگ ہے۔