(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں حماس کا موقف تبدیل نہیں ہوگا۔
حماس نے صیہونی حکومت کے ساتھ ترکی کے تازہ ترین سمجھوتے اور تعلقات کی بحالی پر اپنے رد عمل میں کہا کہ حماس، سرزمین فلسطین اور خاص طور پرغزہ کی مکمل آزادی تک بیت المقدس کی غاصب حکومت کے خلاف اپنے موقف پر کاربند رہے گی۔حماس نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترکی کی حکومت فلسطینی کاز کی حمایت میں غزہ کا محاصرہ اور صیہونی حکومت کاغاصبانہ قبضہ ختم کرانے کی کوشش کرے گی۔
حماس نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ توقع ہے کہ ترک حکومت ، مظلوم فلسطینیوں اور ان کے مقدس مقامات خاص طور پر مسجدالاقصی پر صیہونیوں کے حملے روکوانے کے لئے صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالے گی۔
واضح رہے کہ ترکی اور صیہونی حکومت نے پیر کو اپنے تعلقات چھے سال بعد دوبارہ بحال کرلئے – یہ تعلقات ایک ایسے وقت بحال ہوئے ہیں جب صیہونی حکومت نے ترکی کی ایک بھی شرط منجملہ غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کی شرط بھی قبول نہیں کی۔