غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے فلسطین میں انسانی حقوق کی صورت حال کے حوالے سے امریکی موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا فلسطین میں قابض اسرائیلی افواج کے ہاتھوں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کی پشت پناہی کررہا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے معاملے کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں بحث کے لیے پیش کرنے کا اعلان صہیونی ریاست کی طرف داری کا واضح ثبوت ہے۔ انسانی حقوق کی پامالیاں فلسطینی نہیں بلکہ وہ غاصب کررہے ہیں جن کا فلسطین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔فوزی برھوم نے کہا کہ امریکی موقف صہیونی ریاست کو فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال، انسانی حقوق کی پامالیوں اور جنگی جرائم کے تسلسل کی کھلی چھٹی دینے کےمترادف ہے۔
حماس کے ترجمان نے کہا کہ امریکا کی طرف سے فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے معاملے کو انسانی حقوق کونسل میں پیش کرنے کے امریکی اعلان کے خلاف فلسطینی قوم کو آپس میں متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا مل کر فلسطینیوں کے حقوق غصب کرنا چاہتے ہیں۔ امریکا فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں اسرائیلی ریاست کی پشت پناہی کر رہا ہے۔