غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے امریکا کی جانب سے متوقع طور پر بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے اور امریکی سفارت خانے کی القدس منتقل کے فیصلے کے رد عمل میں عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس رہنما اسماعیل ھنیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے القدس کو صیہونی ریاست کا دارالحکومت قرار دینے کی کوشش کی گئی تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔ لہٰذا عرب لیگ امریکا کو کسی خطرناک اقدام سے روکنے کے لیے ہنگامی اجلاس منعقد کرے اور پوری عرب قیادت امریکا کو القدس کے بارے میں خطرناک عزائم پر عمل درآمد سے منع کرے۔حماس کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں حماس رہنما نے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ القدس کے حوالے سے امریکی اقدامات کے تناظر میں عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس منعقد کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکی حکومت نے بیت المقدس کو صیہونی ریاست کا دارالحکومت قرار دینے کی کوشش کی تو اس کے نتیجے میں خطے میں ایک نیا بحران اٹھ کھڑا ہوگا جس کی تمام تر ذمہ داری امریکیوں پرعائد ہوگی۔
اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کی حیثیت سے اپنے مقدس مقامات، وطن اور اپنے حقوق کا دفاع کریں گے۔
دوسری جانب عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نے امریکی عزائم پر تشویش کا اظہار کیا اور کا کہ وہ عرب لیگ کے مستقل مندوبین کا ایک اہم اجلاس بلانے کے بعد وزراء خارجہ کا ہنگامی اجلاسÂ بلانے پر غور کررہے ہیں۔
