غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے ترکی میں ہونے والے پارلیمانی اور صدارتی انتخابات میں صدر طیب ایردوآن اور ان کی جماعت کی کامیابی پر انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ترکی میں ہونے والے انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد اسماعیل ھنیہÂ رجب طیب ایردوآن کو ٹیلیفون کرکے انہیں کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ترکی میں اسلام پسندوں کی کامیابی پورے عالم اسلام کی فتح ہے۔ حماس اور پوری فلسطینی قوم ترک قوم اور صدر ایردوآن اور ان کی جماعت کو اس شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کرتی ہے۔حماس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد صدر ایردوآن اور ان کی جماعت ’آق‘ کو انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد پیش کرنے کے لیے ترکی جائے گا۔
خیال رہے کہ اتوارکے روز ایک ساتھ ہونے والے پارلیمانی اور صدارتی انتخابات میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور ان کی جماعت واضح اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوگئی تھی اور ان کے سیاسی حریفوں کو انتخابات میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔