مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مجاھدین نے ہفتے کے روز غزہ میں دراندازی کرنے والی فوج پر درجنوں راکٹوں اور میزائلوں سے حملہ کیا جبکہ جنوبی غزہ میں دشمن کے دو قافلوں پر حملہ کر کے تین یہودی فوجیوں کو یرغمال بنا لیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کی شام کو تنظیم کے ارکان نےاسرائیلی فوجیوں کو لے جانے والے ایک ٹرک پر” کورنیٹ” راکٹوں سے حملہ کیا۔ یہ واقعہ مشرقی خان یونس میں اس وقت پیش آیا جب صہیونی فوجیوں کو ایک ٹرک کے ذریعے لے جایا جا رہا تھا۔ راکٹ حملے میں ٹرک میں سوار تمام فوجی زخمی ہو گئے۔ القسام بریگیڈ نے موقع پاتے ہی دو یہودی فوجیوں کو یرغمال بنا لیا۔
اسی نوعیت کی ایک دوسری کارروائی مشرق رفح میں کی گئی۔ مجاھدین نے”ننڈوم” نامی ایک فوج جیپ کو ٹینک شکن میزائل سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اس میں آگ بھڑک اٹھی اور متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ اس موقع پربھی القسام بریگیڈ کے جانثاروں نے ایک فوجی کو یرغمال بنا لیا۔ مشرقی خان یونس میں زمینی کارروائی کرنے والے ٹینکوں کی راہ میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کے دھماکوں سے اسرائیلی فوج کے متعدد ٹینک بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔