مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے ان خیالات کا اظہار رفح کے شہداء کے لواحقین کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ رفح کے علاقے میں جنگ کے بہت سے راز پوشیدہ ہیں۔ پیش آئند ایام میں ہم ان رازوں سے قوم کو آگاہ کریں گے۔
اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف فلسطینی مجاھدین اور اہالیان غزہ کا معرکہ ایک قومی تاریخ کا ایک نیا باب ثابت ہوگا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسماعیل ھنیہ غزہ کی پٹی میں جنگ سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر گئے تھے جہاں پہلے وہ مشرقی غزہ میں شہداء کے لواحقین سے ملے۔ بعد ازاں مغربی غزہ پہنچے اور آخر میں شمال مغربی رفح کے علاقے کا دورہ کیا۔ فلسطینی شہریوں نے اسماعیل ھنیہ کا بھرپور استقبال کیا۔
رفح کے علاقے میں حماس کی جانب سے شہداء کی یاد میں ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں حماس رہ نما اسماعیل ھنیہ، ڈاکٹر خلیل حیہ، ڈاکٹر یونس الاسطل، ڈاکٹر سامی ابو زھری اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔