(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صہیونی فوج کے مظالم کے خلاف برسرپیکار فلسطینی مزاحمتی تنظیم ٗحماسٗ کے سیاسی شعبے کا اعلیٰ سطحی وفد تنظیم کے نائب صدر صالح العارروی کی سربراہی میں ایران کے دورے پر دارالحکومت تہران پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفد میں حماس کے بیرون ملک اُمور کے انچارج ماہر صلاح، سیاسی شعبے کے ارکان موسیٰ ابو مرزوق، عزت الرشق، زھار جبارین، حسام بدران، اسامہ حمدان، اسماعیل رضوان اور خالد القدومی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس کا وفد ایران میں اپنے دورے کے دوران اعلیٰ ایرانی قیادت سے ملاقات کرے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے بتایا تھا کہ حماس کا ایک وفد ایران کے دورے پر تہران روانہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے اس دورے سے بھر پور نتائج کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ حماس کی قیادت کا دورہ ایران انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کے مثبت اور اہم نتائج سامنے آئیں گے۔