مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں فریقین کے درمیان عارضی جنگ بندی کی مہلت ختم ہوتے ہی اسرائیلی فوج نے مختلف اہداف پر فضائی حملے شروع کر دیے جس کے نتیجے میں درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ رد عمل میں فلسطینی مزاحمت کاروں بالخصوص القسام بریگیڈ نے "الفجر” اور القسام 75 ماڈل کے کم سے کم پچاس راکٹ اسرائیلی کالونیوں اور مختلف صہیونی شہروں پر داغے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ "G80” راکٹ اسرائیل کے بن گوریون ہوائی اڈے پر پھینکے گئے جبکہ مقبوضہ بیت المقدس، اور مغربی کنارے کی یہودی کالونیوں پر بھی متعدد راکٹ داگے گئے ہیں۔
بئر سبع میں "گراڈ” طرز کے 5، نیتفوت میں القسام کے دو، سدیروت میں 10، کریات ملاحی اور مشرقی عسقلان میں 15 راکٹ داغے گئے۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینیی مزاحمت کاروں کے راکٹ حملوں کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیلی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق منگل کو غزہ کی پٹی سے داغے گئے متعدد راکٹ سدیروت، عسقلان، تل ابیب اور متعدد دیگرعلاقوں میں گرے ہیں، تاہم ان میں کسی قسم کا جانی نقصان تو نہیں ہوا البتہ یہودی آباد کار خوف کے مارے زمین دوز بنکروں میں چلے گئے تھے۔