اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے ایران میں ہفتے کے روز آنے والے تباہ کن زلزلے سے ہونےوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری ایک بیان میں ایران کے شہر آذربائیجان میں آنے والے زلزلے میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس ایرانی عوام کی مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے۔ خیال رہے کہ ایران کے شہر آذربائیجان میں آنے والےخوفناک زلزلے میں کم سے کم 300 افراد جاں بحق اور 1800 زخمی ہوگئے ہیں۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت6.2 پوائنٹ بتائی جاتی ہے۔مقامی ذرائع کےمطابق درجنوں افراد ابھی تک منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں،جنہیں نکالنے کےلیے ہنگامی بنیادوں پر امدادی آپریشن جاری ہے۔ زخمیوں کو آذربائیجان اور دوسرے شہروں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ زلزلے کے باعث کئی بستیاں مکمل طورپر صفحہ ہستی سے مٹ گئی ہیں اور شہر ہرطرف ملبے کے ڈھیر کا منظر پیش کر رہا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین