اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے اعلان کیا ہے کہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل جمعہ کے روز غزہ کا دورہ کر رہے ہیں۔ وہ حماس کی پچیسویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے غزہ آئینگے۔ اس تقریب کو ”کنکر کے پتھر، آزادی کے رہبر” کا نام دیا گیا ہے۔
سامی ابو زھر ی کے ”مرکز اطلاعات فلسطین” کو موصول ہونے والے بیان کے مطابق جمعرات کے روز خالد مشعل اپنے دورہ غزہ میں مختلف جماعتوں، قوم کے رہنماؤں اور غزہ کے شہداء اور اسیران کے اہل خانہ سے ملاقات کرینگے۔ اس موقع پر وہ حالیہ اسرائیلی جارحیت میں تباہ ہونے والی غزہ کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کرینگے۔
حماس کے ترجمان نے تنظیم کے سیاسی شعبے کے سربراہ کی جانب سے غزہ کے اس دورے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ان کا یہ دورہ بھی دراصل اسرائیل کیخلاف مزاحمت کی کامیابیوں کا ہی ایک ثمرہ ہے۔