(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صہیونی مظالم کے خلاف برسرپیکار فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے یونانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پانیوں میں گھرے ہوئے فلسطینی پناہ گزینوں کو اپنے ملک میں داخلے کی اجازت دے۔
تفصیلات کے مطابق حماس کے خصوصی شعبہ برائے سمندر پار امور نے اپنے ایک جاری بیان میں یونانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کو اپنے ہاں داخل ہونے کی اجازت فراہم کرنے کے ساتھ ان کی معاشی مشکلات کے حل میں ان کی مدد کرے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شام میں جنگ سے فرار اختیار کرکے 160 فلسطینی یونان کی سرحد پرپہنچےہیں مگرانہیں روک دیا گیا ہے۔ انہیں روکنا باعث تشویش ہے۔
بیان میں فلسطینی پناہ گزینوں کی حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یونان کے جزیرہ روڈوس میں فلسطینی پناہ گزینوں کو بدترین مشکلات کا سامنا ہے۔ انہیں وہاں بجلی، صحت اور دیگر کسی قسم کی بنیادی سہولت میسر نہیں جب کہ ہرطرف بڑی تعداد میں زہریلے کیڑے مکوڑوں موجود ہیں جنکی وجہ سے ان پناہ گزینوں کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
بیان میں یونانی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ مندرجہ بالا مسائل پر غور کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فلسطینی پناہ گزینوں کو فوری طور پر یونان میں داخلے کا اجازت نامہ فراہم کیا جائے۔