غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مصر کے انٹیلی جنس وزیر میجر جنر عباس کامل نے گذشتہ شام اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربرہ اسماعیل ھنیہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطینی دھڑوں میں مصالحتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسماعیل ھنیہ کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ اور مصری انٹیلی جنس چیف کے درمیان ’اہم ٹیلیفونک‘ بات چیت ہوئی تاہم اس کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔خیال رہے کہ گذشتہ جمعرات کو بھی اسماعیل ھنیہ اور مصری انٹیلی جنس چیف کے درمیان ٹیلفیون پر بات چیت ہوئی تھی جس میں فلسطینی دھڑوں بالخصوص تحریک فتح اور حماس کے درمیان مصالحتی مساعی پر بات چیت کی گئی تھی۔