مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ڈاکٹر خالد القدومی نے ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے لاہورمیں منعقدہ اجتماع عام سے جماعت کے ایک مندوب کی حیثیت سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ مسلم امہ کے تمام طبقات ، اقوام اور ممالک کو پکار پکار کر اپنی طرف بلاتی ہے۔ اس عظیم الشان اجتماع عام کے توسط سے میں قبلہ اول کا پیغام پوری مسلم تک پہنچانے آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کئی عشروں سے ایک غاصب ریاست کے چنگل میں آزادی کے لیےجدو جہد کر رہے ہیں، ان کی مدد اور حمایت پوری مسلم امہ کی ذمہ داری ہے۔ عالم اسلام قبلہ اول اور بیت المقدس کی پنجہ یہود سے آزادی کے لیے متحدہ فوج تشکیل دے تاکہ مسجد اقصیٰ کو صہیونی تسلط سے آزاد کرایا جا سکے۔
ڈاکٹر خالد القدومی کی جانب سے مسجد اقصیٰ اور فلسطینیوں کی بے لوث حمایت کرنے پر جماعت اسلامی پاکستان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے مسجد اقصیٰ، بیت المقدس شریف اور فلسطینیوں کی حمایت کے لیے عالمی اسلامی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان خوش آئند ہے اور پوری مسلم امہ کو جماعت اسلامی کی آواز پرلبیک کہتے ہوئے دفاع قبلہ اول کے لیے آواز بلند کرنا چاہیے۔
انہوں نے اجتماع عام کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حماس اور اس کا عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ آپ سے یہ عہد کرتے ہیں کہ وہ فلسطین کی آزادی کے لیے ہرقسم کی قربانی دینے کے لیے تیار رہیں گے۔ انہیں عالم اسلام کی جانب سے دفاع مسجد اقصیٰ کے لیے فوج کا انتظار رہے گا۔ فلسطینی قوم، حماس اور القسام کے ساتھ فلسطینی شہداء بالخصوص ابو خضیر شہید کی روح بھی عالم اسلام کی طرف سے مدد کی منتظرہے اور دیکھ رہی ہے کہ مسلم امہ کب صہیونی مظالم کے انتقام کے لیے اٹھے گی۔
خالدالقدومی نے جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور سابق فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ اپنے پیغامات میں حماس قائدین نے بھی جماعت اسلامی کو عظیم الشان اجتماع عام منعقد کرنے پر انہیں مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے اجتماع عام کے موقع پر حماس کو شرکت کی خصوصی دعوت دی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین