مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق نے قطری وزیرخارجہ ڈاکٹر ناصر العطیہ کی جانب سے جرمنی کے ہر میونخ میں منعقدہ عالمی امن کانفرنس میں حماس کی حمایت اور اسرائیل کی مذمت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطری وزیرخارجہ نے میونخ کانفرنس میں عالمی برادری کو حقائق سے آگاہ کیا اور جرات مندانہ موقف اختیار کرتے ہوئے صہیونی ریاست کے موقف کو مسترد کر دیا ہے۔
عزت الرشق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قطری وزیرخارجہ ڈاکٹر خالد العطیہ نے میونخ کانفرنس میں صہیونی ریاست کے مکروہ اور جھوٹے پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دے کر نہایت جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے اس جرات مندانہ موقف پر حماس انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
خیال رہے کہ میونخ کانفرنس میں قطری وزیرخارجہ ڈاکٹر خالد العطیہ نے صہیونی وزیر برائے انٹیلی جنس امور یووال اشٹائنٹز کے اس بیان کو سختی سے مسترد کردیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ حماس ایک دہشت گرد تنظیم ہے جو مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی راہ میں حائل ہے۔
اس پر قطری وزیرخارجہ ڈاکٹر خالد العطیہ نے کہا کہ دہشت گرد حماس نہیں بلکہ اسرائیل ہے جس نے فوج کے ذریعے ارض فلسطین پرناجائز قبضہ جما رکھا ہے۔ حماس اپنے وطن کی آزادی کے لیے آئینی اور قانونی جدو جہد کررہی ہے۔ قطر حماس کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے صہیونی وزیر کی طرف توجہ کیے بغیر حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگرہم سے حماس کے بارے میں موقف جاننا ہے تو ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ حماس دہشت گرد نہیں بلکہ امن پسند اور آزادی کے لیے جدو جہد کرنے والی تنظیم ہے۔ اسرائیل فلسطین پراپنا ناجائز قبضہ ختم کردے تو حماس کی مسلح مزاحمت خود بہ خود ختم ہوجائے گی لیکن جب تک فلسطین پر اسرائیلی فوج قابض تب تک فلسطینیوں سے مزاحمت کا حق سلب نہیں کیا جاسکتا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین