(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اردنی حکومت نے اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے رکن اور جماعت کے جلا وطن رہنما عزت الرشق کو ان کی والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کی اجازت دی ہے۔ عزت الرشق کی والدہ کل منگل کو عمان میں انتقال کر گئی تھیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اردن کی شہریت رکھنے والے حماس کے بیرون ملک مقیم رہنماؤں کی آمد کے لیے اردنی حکومت کی طرف سے خصوصی اجازت لینا پڑتی ہے۔پچھلے سال مارچ میں حماس کے سیاسی شعبے کےسربراہ خالد مشعل کو بھی عمان حکومت کی طرف سے ان کی والدہ کی وفات پر نماز جنازہ میں شرکت کی خصوصی اجازت دی گئی تھی جس کے بعد وہ عمان جا سکے تھے۔
عزت الرشق جو کہ خالد مشعل کے سسرالی رشتہ دار بھی ہیں کل منگل کی شام عمان پہنچ گئے تھے توقع ہے کہ الرشق کی والدہ کی نماز جنازہ میں خالد مشعل بھی شرکت کریں گے۔ خالد مشعل اور عزت الرشق کے خاندان اردن میں مقیم ہیں تاہم حماس کے قائدین قطر میں پناہ گزین ہیں۔ عزت الرشق کی والدہ کی وفات پر حماس کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی ہے۔