مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز شہید ہونے والے فلسطینی جعفر ابراہیم عوض اور زیاد عوض کے والدین اوراسرائیلی جیلوں میں قید خاتون رکن اسمبلی خالد جرار کے شوہر سے الگ الگ ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران کیا۔
اسماعیل ھنیہ کا کہنا ہے کہ شہداء ہماری قوم کا سرمایہ ہیں۔ ان کا خون کسی قیمت پر رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا۔ شہداء کے خون اور ان کی لازوال قربانیوں نے آج قوم کو آزادی کی منزل کے قریب کردیا ہے۔ فلسطینی اپنے ان شہداء کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
فلسطینی خاتون رکن قانون ساز کونسل کے شوہر سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاریوں کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی ارکان قانون ساز کونسل کی گرفتاریاں فلسطین کے آئینی اور سیاسی اداروں پر قاتلانہ حملہ ہیں۔ پوری فلسطینی قوم اور حماس ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔
خیال رہے کہ سابق فلسطینی اسیر زیاد ابراہیم عوض کو الخلیل شہرمیں قابض صہیونی فوجیوں نے کل اس وقت گولیاں مار کر شہید کردیا تھا جب وہ اپنے چچا زاد سابق اسیر جعفر عوض کی نماز جنازہ کے جلوس میں شریک تھے۔ جعفر اسرائیلی جیلوں میں ڈھائے جانے والے مظالم کے بعد کل اسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
