غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے کہا ہے کہ وزیراعظم رامی الحمد اللہ کی حکومت فلسطینی قوم کو درپیش مسائل کے حل کی صلاحیت نہیں رکھتی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم کا کہنا ہے کہ منگل کے روز فلسطینی کابینہ کے اجلاس میں غزہ کے حوالے سے جو مؤقف اختیار کیا گیا وہ غلط بیانی، جھوٹ اور دروغ گوئی پر مبنی ہے۔ فلسطینی حکومت رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔حماس کے ترجمان نے مزید کہا کہ وزیراعظم رامی الحمد اللہ کی حکومت غزہ کی پٹی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لیے حماس پر الزام تراشی کررہی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی غزہ کی پٹی کے عوام کو مشکلات میں ڈال کران کی تکالیف لذت محسوس کررہی ہے۔ رام اللہ اتھارٹی کی طرف سے غزہ کا محاصرہ مسلسل جاری ہے اور رام اللہ اتھارٹی غزہ کے عوام کے حقوق کے حوالے سے مسلسل غیرذمہ دارانہ طرز عمل پر چل رہی ہے۔
فوزی برھوم کا کہنا تھا کہ رامی الحمد اللہ کی حکومت میں ملک کے مسائل، انتظامی امور اور قومی نوعیت کے مسائل کے حل کی اہلیت نہیں۔