فلسطینی سفارتی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت‘‘حماس’’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کی قیادت میں
جماعت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد رواں ہفتے کے آخر یا پیش آئند ہفتے کے آغاز میں اردن کا سرکاری دورہ کرے گا۔ ذرائع کے مطابق حماس اور اردن کی جانب سے دورے کی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔
فلسطینی ذرائع نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ حماس کے وفد کی قیادت جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کریں گے، جبکہ امکان ہے کہ حماس کے ڈپٹی پولیٹ بیورو ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق اور جماعت کے سیاسی شعبے کے اراکین محمد نزال، محمد نصر اور عزت رشق بھی ہمراہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس کا وفد اردنی حکام سے ملاقات میں رواں سال جنوری میں ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھائے گا۔ گذشتہ جنوری میں حماس کی قیادت اور اردن حکام کے درمیان بات چیت ہوئی تھی جس میں فریقین نے باہمی تعلقات کو بہتر کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
اس دورے میں بھی حماس اور اردنی حکومت فلسطینی اور اردنی عوام کے مشترکہ مفادات پر بات چیت کریں گے۔ اس کے علاوہ دونوں طرف سے ایک دوسرے کے بارے میں پائے جانے والے شکوک و شبہات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ حماس کی قیادت کا یہ دورہ جماعت کے بارے میں اردن کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گا۔ ذرائع نے یہ نہیں بتایا کہ آیا حماس کا وفد بحرینی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سے بھی ملاقات کرے گا یانہیں البتہ اتنا معلوم ہوا ہے کہ حماس کی قیادت اردنی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کرے گی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین