مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خالدہ الجرار مغربی کنارے کے اس علاقے سے تعلق رکھتی ہیں جس پر سیاسی اور سیکیورٹی حوالے سے فلسطینی اتھارٹی کا کنٹرول ہے۔ اسرائیل اس میں کیسے مداخلت کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ خالدہ الجرار پیپلز فرنٹ برائے آزادی فلسطین کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے حال ہی میں انہیں غزہ کی پٹی میں صہیونی فوج کی جارحیت کےخلاف عوامی احتجاجی مظاہرے منظم کرانے کی پادش میں رام اللہ سے اریحا بدر کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
حماس رہ نماء عزت الرشق نے کہا کہ خالدہ کی رام اللہ سے اریحا بدری کا فیصلہ نہایت قابل مذمت اور فلسطینی اتھارٹی کے کردار پر بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔ اسرائیل کے اس فیصلے سے ثابت ہو گیا ہے کہ صہیونی ریاست فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو کوئی اہمیت نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے تمام تر مظالم کا خاتمہ صرف اسرائیلی ریاست کے زوال میں مضمر ہے۔