غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ نے خبردار کیا ہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی تازہ جارحیت اس بات کا اشارہ ہےکہ دشمن غزہ پر ایک نئی جنگ مسلط کرنے کی تیاری کررہاہے۔ بیان میں القسام نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے فوج داخل کی تو غزہ کو اس کا قبرستان بنا دیں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق القسام بریگیڈ کے ترجمام ابو عبیدہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی حالیہ جارحیت پر خاموش تماشائی نہیں رہیں گے۔دشمن کو اس کی کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی آئندہ کوئی بھی مسلط کی گئی جنگ دشمن کے لیے جان لیوا ثابت ہوگی۔ مزاحمت کار اور فلسطینی مجاھدین دھمکیاں نہیں دیتے بلکہ اپنے وعدے پورے کرتے ہیں۔ تاریخ ہمارے سامنے ہے۔ صہیونی دشمن نے جب بھی فلسطینی قوم کے خلاف جارحیت کی تو اس کا دندان شکن جواب دیا گیا۔
القسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ صہیونی غاصب دشمن صرف طاقت کی زبان جانتا ہے اور فلسطینی مجاھدین طاقت کا بھرپور استعمال جانتے ہیں۔
خیال رہے کہ القسام بریگیڈ کی طرف سے یہ دھمکی آمیز بیان دو روز قبل غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری کے تناظر میں جاری کیا گیا ہے۔ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں چار فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔