بیروت – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) لبنان میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی مقامی قیادت کے وفد نے جماعت کے مندوب علی برکہ کی قیادت میں گذشتہ روز لبنانی آرمی چیف جنرل حاتم ملاک سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے وفد اور لبنانی آرمی چیف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل، امن وامان اور فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں سیکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔لبنانی آرمی چیف نے حماس قیادت کو یقین دلایا کہ لبنانی فوج فلسطینی پناہ گزینوں کو سیکیورٹی کی ہرممکن سہولت فراہم کرے گی۔ اس موقع پر فریقین نے لبنانی فوج اور فلسطینی تنظیموں کے درمیان تعاون کےفروغ اور رابطوں میں استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقعے پرحماس رہنما اور لبنان میں جماعت کے مندوب علی برکہ نے کہا کہ ان کی جماعت لبنان کے امن واستحکام اور وحدت وسالمیت کی پرزور حامی ہے اور لبنان میں قیام امن کے لیے ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے لبنانی حکومت پر زور دیا کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کرے۔