مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اپنے ایک بیان میں اسماعیل الاشقر کا کہنا تھا کہ جب بھی فلسطینی قوم فیصلہ کرے گی حماس کو انتخابات کے لیے تیار پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حماس ایک جمہوری جماعت ہے اور انتخابات کی شفافیت پریقین رکھتی ہے۔ حماس انتخابی نتائج کو چاہے وہ کچھ بھی ہوں قبول کرے گی۔ کیونکہ عوام کو اپنے بہتر نمائندے منتخب کرنے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کی پولیس کے ہاتھوں حماس کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کی شدید مذمت کی اوراسے فلسطینی اتھارٹی کا غیر جمہوری طرز عمل قراردیا۔ اسماعیل الاشقر کا کہنا تھا کہ مغربی کنارے میں جامعہ بیرزیت میں طلباء یونین کے انتخابات کے نتائج فلسطینی اتھارٹی کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں ہو رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئی ہے۔
اسماعیل الاشقر نے فلسطینی صدر محمود عباس سے مطالبہ کیا کہ وہ مغربی کنارے میں اپنے ماتحت سیکیورٹی فورسز کو لگام دیں اور نہتے شہریوں اور سیاسی کارکنوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرائیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
