(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’فیس بک‘ کی انتظامیہ نے صہیونی لابی کے دباؤ میں آکر اسرائیلی طرف داری کرتے ہوئے فلسطینی مزاحمتی کارکنوں اور اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے رہنماؤں کے سیکڑوں ’فیس بک‘ صفحات بلاک کردیے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’فیس بک‘ کی انتظامیہ کی جانب سے ایک منظم منصوبے کے تحت حماس رہنماؤں ، کارکنوں اور نمائندہ فلسطینی سماجی کارکنوں کی سماجی سرگرمیوں کو محدود کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں حماس سے وابستہ رہنماؤں اور کارکنوں کے سیکڑوں صفحات بند کیے گئے ہیں۔ مقبوضہ مغربی کنارے سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیاہے کہ فیس بک کی جانب سے مختلف فلسطینی جامعات، جامعہ النجاح، بیرزیت، القدس اوپن یونیورسٹی، الخلیل یونیورسٹی، پولیٹکنیک انسٹیٹیوٹ، امریکن یونیورسٹی، خضوری یونیورسٹی، جامعہ بیت لحم اور دارالمعلمین کالج میں حماس کے مقرب سمجھے جانے والے طلباء گروپ ’اسلام بلاک‘ کے تمام آفیشل صفحات بند کردیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ طلباء رہنماؤں، ناشرین اور اخبارات کے مدیران کے فیس بک صفحات بلاک کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ادھر گذشتہ روز یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ فیس بک نے حماس کے مرکزی سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق کا فیس بک صفحہ بلاک کردیا ہے۔ حماس کے مرکزی قائدین کے فیس بک صفحات کی بندش کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔