مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس ترجمان ڈاکٹر صلاح الدین بردویل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مصری اخبارات نے حماس پر بلا ثبوت تنقید کو اپنا وطیرہ بنا رکھا ہے۔ مصر میں کسی بھی ناخوش گوار واقعے کا ذمہ دار حماس کا ٹھہرا کر اصل مجرموں کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس کا عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ جزیرہ نما سینا یا مصر کے کسی بھی دوسرے علاقے میں سرگرم نہیں ہے۔ اس پر الزام تراشی کی سیاست گھٹیا سوچ کی مظہر ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مصر میں پرتشدد واقعات پر حماس کو بھی دکھ اور تشویش ہے لیکن ہمیں اس بات کا دکھ بھی ہے کہ مصری اخبارات بغیر کسی ثبوت اور سوچے سمجھے الزامات کی سیاست پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصر میں اگر کسی کے پاس پرتشدد واقعات میں حماس کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائے۔ اگر ثبوت نہیں ہیں تو حماس کا میڈیا ٹرائل بھی کسی قیمت پر قبول نہیں ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل مصر کے جزیرہ نما سینا میں بم دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں تیس سے زاید افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ مرنے والوں میں مصری فوج کے کئی افسر بھی شامل تھے۔ اس واقعے کے بعد مصر کے بعض اخبارات نے الزام عاید کیا تھا کہ ان واقعات میں حماس کا عسکری ونگ القسام بریگیڈ ملوث ہے۔ جبکہ انصار بیت المقدس نامی ایک گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول بھی کی تھی اس کے باوجود حماس پر الزام تراشی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
