مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب القسام کے بہادر جوانوں نے عسقلان اور بیت المقدس میں اسرائیلی تنصیبات پر "ایم 75” طرز کے کم سے کم چار راکٹ حملے کیے جو اپنے ہدف تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ پہلا حملہ مقامی وقت کے مطابق رات 10:30 پر کیا گیا جس میں بیت المقدس میں یہودی کالونیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ دوسرا حملہ 10:53 پر کیا گیا جس میں اسرائیل کے ساحلی شہر عسقلان میں تین اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تازہ راکٹ حملے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کا رد عمل ہیں۔ یہ اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک دشمن غزہ کی پٹی پر اپنی جارحیت اور بربریت ختم نہیں کردیتا۔