(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیراور سابق ایرانی وزیر خارجہ علی اکبرولایتی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ایران ہمیشہ فلسطینی قوم کےجملہ حقوق اور قضیہ فلسطین کے لیے جاری مسلح جدو جہد کی حمایت اور مدد جاری رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایران کے دورے پر آئے ہوئے حماس کے وفد نے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری کی سربراہی میں علی اکبر ولایتی سے ملاقات کی ۔اس موقع پر علی اکبر ولایتی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوری ایران کو فلسطینی قوم اور مسلح مزاحمت کی مدد میں کسی قسم کا کوئی ترد نہیں۔ ہم فلسطینی قوم کی تحریک آزادی کی حمایت اور مدد کو اپنا ایمانی اور دینی فریضہ سمجھتے ہیں اور اسے ایک اہم مسئلے کے طورپر دیکھتے ہیں۔
تہران میں ہونے والی اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، امریکا کے سازشی منصوبے ‘سنچری ڈیل’، قضیہ فلسطین کے خلاف جاری دیگر امریکی ۔ صہیونی سازشوں،خطے کی صورت حال اور دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے موقع پرحماس کی قیادت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست کے سنگین جرائم اور ریاستی دہشت گردی فلسطینیوں کی مسلح تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتی۔ اسرائیلی ریاستی دہشت گردی میں جتنا اضافہ ہوگا فلسطینیوں کی تحریک آزادی اتنا ہی زور پکڑے گی۔
ملاقات کے اختتام پر حماس نے ایرانی قیادت کی طرف سے مسلسل چار عشروں سے اہل فلسطین کی بے لوث حمایت اور ہرممکن مدد جاری رکھنےپرایران حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔