مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کو ٹیلیفون کر کے انہیں اپنے ملک کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ایران فلسطینیوں کی آزادی کے لیے جاری مسلح تحریک کی مکمل اور غیرمشروط حمایت جاری رکھے گا۔ ایرانی وزیرخارجہ نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی ننگی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری سے غزہ میں فلسطینیوں کے اجتماعی قتل عام کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔
حماس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایران نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی مجاھدین کے ہاتھوں صہیونی دشمن کو بدترین شکست دیے جانے پر فلسطینی قوم کے عزم کو سراہا اور انہیں دشمن کو بھاری جانی نقصان پہنچانے پر مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے کہا کہ ان کی جماعت قوم کے دفاع کے لیے مسلح تحریک پر یقین رکھتی ہے اور مسلح مزاحمت کسی صورت میں ترک نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام نے صہیونی جارحیت کا مقابلہ کرنے اور دشمن کو مکمل شکست دینے کا عزم کر رکھا ہے۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان فلسطین کےعلاوہ شام اور خطے کے دیگر تنازعات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔