غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) تحریک حماس نے فلسطینی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکہ کی وساطت سے مذاکرات کے ذریعے فلسطین کا مسئلہ حل کرنے کا خیال ترک کر دے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین کی محدود خود مختار انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات رام اللہ میں سی آئی اے کے سربراہ مائک پوم پیؤ سے ملاقات میں امریکہ کی ثالثی سے مذاکرات کے ذریعے مسئلہ فلسطین کے حل اوردو حکومتوں کی تشکیل پر اپنے کاربند رہنے کے بارے میں تاکید کی۔فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے جمعرات کے روز اس سلسلے میں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومتوں نے ہمیشہ اسرائیل کی حمایت کی ہے اور انھوں نے فلسطینی قوم کے حقوق کی بحالی کے لئے کبھی کوئی کوشش نہیں کی ہے۔
حماس کے ترجمان نے کہا کہ خاص طور سے ٹرمپ کے برسر اقتدار آنے کے بعد مسئلہ فلسطین میں امریکہ کے کمزور مواقف سے واشنگٹن کی پسپائی سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی حمایت و جانبداری میں مزید اضافہ ہو ا ہے۔
تحریک حماس کے ترجمان نے فلسطین کے قومی فیصلوں میں من مانی کا مظاہرہ کرنے کے بارے میں محمود عباس کو خبردار کرتے ہوئے فلسطینی گروہوں سے اپیل کی کہ وہ قومی آشتی کے لئے عملی اقدامات کے منصوبے کے ساتھ مسئلہ فلسطین کے حل میں پیدا ہونے والے مسائل و مشکلات کے مقابلےکے لئے اٹھ کھڑے ہوں۔