غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے غزہ کی پٹی میں مزاحمتی مراکز پراسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری اور نہتے فلسطینی مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ دباؤ اور طاقت کے استعمال سے صیہونی دشمن فلسطینیوں کو اپنے حقوق کے حصول کی جدو جہد سے نہیں روک سکتا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کو ننگی جارحیت کا حساب دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صیہونیوں کو فلسطینی قوم پر حملوں، مزاحمت کاروں کو شہید کرنے اور غزہ میں پرامن احتجاج کرنے والوں کو نشانہ بنانے کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر بمباری کرکے کم سے کم چار فلسطینیوں کو شہید اور ایک سو سے زائد کو زخمی کردیا تھا۔
شہید ہونے والوں میں تین کا تعلق حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ سے ہے۔انہیں مشرقی غزہ کی پٹی میں ایک رصدگاہ پر حملے میں شہید کیا گیا۔
حماس کے ترجمان نے اسرائیلی فوج کی تازہ بمباری کو وحشیانہ قرار دیتے ہوئے اسرائیل کو خبردار کیا کہ اسے فلسطینیوں کا خون بہانے کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔