فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لبنان میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حماس رہنما نے کہا کہ فلسطینی عوام ہی کا یہ حق ہے کہ وہ ووٹ کے ذریعے اپنی قیادت کا انتخاب کرے۔ اس لیے میں فلسطینی سیاسی جماعتوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ انتخابات سے قبل قومی مفاہمت کا عمل آگے بڑھائیں۔ بالخصوص صدارتی اور پارلیمانی انتخابات سے پہلے قومی مفاہمت کا معاہدہ طے پانا ضروری ہے۔ ہم انتخابات پر اصرار کرتے رہیں گے کیونکہ انتخابی عمل ہی اداروں میں توازن قائم رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ فلسطینی قوم نے ماضی میں بھی جمہوریت پسندی کا مظاہرہ کیا ہے اور توقع ہے کہ آنے والے انتخابی عمل میں جمہوریت کومزید مضبوط کیا جائے گا۔
ابو مرزوق نے کہا کہ حماس قومی مفاہمت پر اس لیے زور دیتی ہے کیونکہ انتشاراور اختلافات کا خاتمہ اور قومی سیاسی عمل میں عوام کی شمولیت قوم کی خدمت کا راستہ ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے پوری فلسطینی قوم کو ایک لڑی میں پرویا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز بیروت میں البرج پناہ گزین کیمپ میں ابی بن کعب ہال میں ایک جلسے کا اہتمام کیا گیا جس میں ابو مرزوق نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ تقریب میں لبنان میں حماس کے مندب علی برکہ،سیاسی شعبے کے رکن جہاد طہ، تحریل امل کے رہنما اور حزب اللہ کے رہنماؤں سمیت مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے مندوبین اور علماء کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ابو مرزوق نے کہا کہ ان کی جماعت اسرائیلی زندانوں میں قید وبند کی صعوبتیں جھیلنے والے فلسطینیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گے۔ اسیران کی رہائی کے لیے فلسطینی مجاھدین دشمن کے فوجیوں کو جنگی قیدی بنانے کی پالیسی جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے جنوبی لبنان میں صہیونی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونےوالے شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی اور فلسطینی دونوں اقوام صہیونیوں کے مظالم کا یکساں شکار رہی ہیں۔
حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر نے کہا کہ فلسطینی قوم کے لیے مسلح مزاحمت کے سوا کوئی چارہ نہیں کیونکہ مزاحمت ہی سے دشمن سے حقوق چھینے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان طے پائے نام نہاد معاہدوں سے فلسطینی قوم کو کچھ نہیں ملا ہے۔