(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی تحریک حماس نے سابق سعودی جنرل انور عشقی کے گستاخ آمیز بیان اور صہیونی دشمن کی حمایت پر کڑی نکتہ چـینی کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ایک عہدیدار طلال نصار نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حماس صیہونی دشمن کے ساتھ ہر قسم کے رابطے کی سختی کے ساتھ مذمت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت ثابت کردے گا کہ حماس اور فلسطین کی تحریک مزاحمت اس سے کہیں زیادہ طاقتور ہے جتنا بعض لوگ گمان کر رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ سابق سعودی جنرل اور سعودی اسٹریٹیجک ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ انور عشقی نے حماس کو کمزور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تنظیم میں ایک مکھی کو مارنے کی بھی طاقت نہیں ہے۔حماس کے رہنما طلال نصار نے کہا کہ حماس قابض اسرائیلی حکومت کے خلاف مزاحمت کر رہی ہے اور اس نے عرب ملکوں کی خاموشی کے باوجود فلسطینیوں کے حقوق کو مکمل ضائع ہونے سے بچا رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ حماس نے گزشتہ تین جنگوں میں صیہونی دشمن پر شدید ضربیں لگائی ہیں اور اسے زبردست مادی اور غیر مادی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس نے نیل سے فرات تک اسرائیل کے قیام کا خواب بھی چکناچور کردیا ہے۔ یہاں اس بات کا ذکر بھی ضروری ہے کہ سعودی عرب کے سابق جنرل اور ریاض اسٹریٹیجک تحقیقاتی مرکز کے سربراہ انور عشقی نے گزشتہ دنوں مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل ڈوری گولڈ سے ملاقات اور گفتگو کی تھی۔ کہا جارہا ہے کہ انورعشقی جو سعودی انٹلیجنس کے سربراہ بندر بن سلطان کے مشیر بھی رہ چکے ہیں انہیں تدریجی طور پرآل سعود اور صیہونی حکومت کے خفیہ تعلقات کو آشکار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔