(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ نے غزہ پر گذشتہ روز اسرائیلی فوج کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کو غزہ کی پٹی پر بار بار جارحیت مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی دشمن پرایک بار پھرجنگ کا بھوت اور جنون سوار ہے، مگرصہیونی دشمن کو یہ اندازہ ہونا چاہیے کہ اسے باربار غزہ پر جارحیت مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی فوج کا غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد عبور کرکے اندر داخل ہونا سنہ 2014ء کے دوران طے پائے سیز فائر معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے۔ جارحیت کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو مجاھدین دشمن کو منہ توڑ جواب دینے سے گریز نہیں کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ القسام بریگیڈ کا انجینیرنگ یونٹ دو مختلف پہلوؤں سے اسرائیلی فوج کی جارحیت کو نوٹ کررہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کی سرحد عبور کرکے 200 میٹر اندرداخل ہونے کی مذموم کوشش کی ہے۔ جب کہ شمالی غزہ سے اسرائیلی فوج نے 300 میٹر اندر تک دراندازی کرتے ہوئے غزہ پر گولہ باری کی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر مختلف اطراف سے زمینی اور فضائی حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی اور کئی مکانات تباہ ہوگئے تھے۔ سنہ 2014ء کے بعد اسرائیل کا اب تک کا یہ سب سے بڑا حملہ ہے۔
