حماس نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ابو عین کی شہدت کے بعد صہیونی ریاست سے ہر قسم کے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرے۔
حماس کے ترجمان ڈاکٹر سامی ابو زھری نے مرکز اطلاعات فلسطین سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک فتح کے رہنما زید ابوعین کی شہادت صہیونی ریاست کی بدترین ریاستی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہے۔ ابوعین کی شہادت صرف فتح کے لیے نہیں بلکہ پوری فلسطینی قوم کے لیے نہایت افسوسناک واقعہ ہے۔ حماس صہیونی ریاست کے اس بدترین ظلم کی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندان اور فتح کی قیادت سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔
حماس کے ترجمان نے فلسطینی اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ ابو عین کی شہادت کے بعد وقت ضائع کیے بغیر قومی مفاہمت کی طرف لوٹے اور اسرائیل کے ساتھ قائم ہر قسم کے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست کی منظم ریاستی دہشت گردی کا جواب قوم میں اتحاد ہی کے ذریعے دیا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار ابو عین کو یہودی فوجیوں نے کل بدھ کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کردیا تھا، جس پر فلسطین بھر میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین