قاہرہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد مصر کے کامیاب دورے کے بعد واپس روانہ ہوگیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ایک بڑے وفد نے حال ہی میں مصر کا دورہ کیا اور مصری قیادت کے ساتھ دو طرفہ امور بالخصوص غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے ساتھ طویل جنگ بندی اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان مصالحتی امور پر بات چیت کی گئی۔ حماس کے وفد نے مصری انٹیلی جنس چیف میجر جنرل عباس کامل اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ بات چیت کی۔حماس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ جماعت کے وفد نے مسلسل چار روز تک مصری حکام کے ساتھ بات چیت کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کے وفد اور مصری حکام کے درمیان تمام حل طلب امور پر گہرائی اور تفصیل کے ساتھ بات چیت کی گئی۔ فریقین کے درمیان ہونے والی بات چیت کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج جلد منظرعام پر آئیں گے۔