اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی شعبے کے ڈپٹی چیئرمین موسی ابو مرزوق نے مصر کے صدارتی انتخابات میں کامیاب ہونے
پر اخوان المسلمین کے سیاسی چہرے جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے محمد مرسی کو مبارک باد پیش کی ہے۔ ابو مرزوق نے سماجی روابط کی معروف ویب سائٹ فیس بک پر اپنے پیج پر کہا ’’مصری قوم مبارک ہو، مصر کے لیے خیر کی امیدیں لانے والے انتخابات مبارک ہوں، انقلابی تحریک کے روح رواں، صاحب فضیلت شخص کے صدر بننے پر مصری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ اس شاندار کامیابی پر محمد مرسی کو بھی مبارک باد ہو، کامیابی کے بعد ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوگئی ہے لیکن امید ہے کہ وہ اپنی قوم کی نصرت اور محنت سے تمام رکاوٹیں عبور کرلیں گے‘‘
اس موقع پر ابو مرزوق کا کہنا تھا کہ مصری قوم نے ایک بار پھر ایسی جمہوریت کو بحال کیا ہے جو مسئلہ فلسطین میں فلسطینی قوم کی مدد و نصرت کرے۔ یہ بات سب کو معلوم ہونا چاہیے کہ مصر قوم اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے خلاف ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین