غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ایک با خبر ذریعے کا کہنا ہے کہ جماعت کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کل بدھ گیارہ جولائی کو مصر کے سرکاری دورے پر قاہرہ پہنچے گا۔ وفد کی قیادت حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری کریں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مصر کی حکومت کی دعوت پر حماس کا وفد کل بدھ کو قاہرہ پہنچے گا جہاں اس کی ملاقات مصر کے جنرل انٹیلی جنس چیف میجر جنرل عباس کامل سے ملاقات ہوگی۔’قدس پریس‘ کے مطابق حماس کا وفد مصری انٹیلی جنس حکام سے فلسطینی دھڑوں میں مصالحت اور غزہ کی پٹی پرعائد کردہ پابندیوں کے خاتمے کے طریقہ کار پر بات چیت کرے گا۔
جمعرات کو حماس کا وفد مصری انٹیلی جنس چیف میجر جنرل عباس کامل سے ملاقات کرے گا۔ اس ملاقات میں فلسطینیوں کے درمیان تعطل کا شکار مصالحتی عمل کو آگے بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔
قاہرہ کے دورے پر جانے والے وفد کی قیادت حماس کے نائب صدر صالح العاروری کریں گے جب کہ وفد میں جماعت کے سیاسی شعبے کے ارکان موسیٰ ابو مرزوق، عزت الرشق، خلیل الحیہ، روحی مشتہی اور حسام بدران شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ مصری حکومت نے جون 2017ء کو فلسطینی دھڑوںÂ حماس اور تحریک فتح کے درمیان ایک مصالحتی معاہدہ کرایا تھا مگر بعد ازاں فتح کی مرکزی قیادت کے غیر لچک دار رویے کے باعث مصالحتی عمل ڈیڈ لاک کا شکار ہے۔