غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے لندن سے شائع ہونےوالے عربی روزنامہ ’الحیات‘ کی جانب سے حال ہی میں حماس اور مصر کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے غلط رپورٹ شائع کرنے پر شدید رد عمل ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ برطانوی اخبار نے حماس اور مصری قیادت کے درمیان ملاقاتوں پر جو کہانی شائع کی ہے وہ قطعا من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت لندن سے شائع ہونے والے اخبار ’الحیات‘ کی کہانی کو کلی طور پرمسترد کرتی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی اخبار نے حماس اور مصری قیادت کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر من گھڑت کہانی پیشہ وارانہ حدود سے تجاوز اور زرد صحافت کا بین ثبوت ہے۔
حماس نے برطانوی اخبار پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی پیشہ وارانہ حدود کے اندر رکھے اور من گھڑت اور بے بنیاد رپورٹنگ کے بجائے حقائق پرمبنی رپورٹنگ کو اپنا شعاربنائے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں حماس کے وفد نے قاہرہ میں مصری حکومت سے چار روز تک مذاکرات کیے تھے۔ ان مذاکرات میں فریقین نے بات چیت جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور غزہ کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا تھا۔