دوحہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کی تحریک حماس نے ایک بار پھر صیہونی حکومت کے جرائم کے سامنے استقامت و مزاحمت جاری رکھنے پر تاکید کی ہے۔
تحریک حماس نے جمعے کو ایک بیان میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ملت فلسطین اور دیگر مزاحمتی گروہ ، فلسطین کی مکمل آزادی تک اپنا جہاد اور استقامت جاری رکھیں گے۔تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے فلسطینی عوام کے خلاف صیہونیوں کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پورا قدس اور مسجد الاقصی غاصب صیہونیوں کے وجود سے پاک نہیں ہو جاتا، صیہونی جیلوں سے تمام فلسطینی قیدی رہا نہیں ہوجاتے اور فلسطینی مہاجرین اپنے وطن واپس نہیں آ جاتے، اس وقت تک استقامت و جہاد جاری رہے گا۔
خالد مشعل نے مزید کہا کہ تحریک حماس نے فلسطین کو آزاد کرانے کی اسٹریٹیجی کو تبدیل نہیں کیا ہے اور اس کا اصلی محور عسکری سرگرمیاں ہیں- خالد مشعل نے کہا کہ تحریک استقامت، اپنے خلاف تیار کی جانے والی تمام سازشوں کے باوجود غزہ پٹی میں اپنی طاقت و توانائی بڑھانے میں کامیاب رہی ہے۔