(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے نائب صدر اور سابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ رواں سال اکتوبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملک میں جاری سیاسی جمود کو توڑنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی میں اجتماعی شادیوں کی ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ان کی جماعت (حماس) لوکل باڈیز الیکشن کے لیے نہ صرف خود بھی تیاری کرے گی بلکہ غزہ کی پٹی میں سیاسی فضاء ساز گار بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات جیسے اہم ترین فیصلوں میں تمام سیاسی قوتوں میں اتفاق رائے ہونا ناگزیر ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں بیت لاھیا کے مقام پر ’محاصرے کے قلب میں مسرت‘ کے عنوان سے اجتماعی شادیوں کی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس مین 330 اجتماعی جوڑوں کو شادی کے بندھن میں جوڑا گیا۔ اس موقع پر حماس کی مقامی قیادت سمیت سیاسی اور سماجی تنظیموں کے مندوبین سمیت عام شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ توقع ہے کہ بلدیاتی انتخابات فلسطین میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے انعقاد کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کو ملک میں موجود سیاسی جمود کو توڑنے کا موجب بننا چاہیے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ فلسطینی صدر محمود عباس نے رواں سال 8 اکتوبر کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا تھا۔ صدر نے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بغیر یہ اعلان کیا تھا جس پر حماس اور دوسری سیاسی قوتوں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا تاہم اب حماس نے بلدیاتی انتخابات کا معرکہ پوری قوت سے لڑنے کا اعلان کیا ہے۔