غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں Â بجلی کا ہولناک بحران پیدا کرنے کے حقیقی ذمہ داروں کے خلاف شہریوں کے ہمہ گیراحتجاج پراسلامی تحریک مزاحمت’حماس‘ نے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے عوام نے علاقے میں بجلی کا بحران پیدا کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف غم وغصے کا اظہار کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ عوام بحران پیدا کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف خاموش نہیں رہیں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے عوام خود کو محاصرے کے عذاب اور بحران سے لطف اندوز ہونے والوں کے خلاف ہرسطح پراحتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ غزہ کی پٹی میں صہیونی ریاست کے محاصرے کو آگے بڑھانے میں معاونت کرنے والے فلسطینی قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں بجلی کے تازہ بریک ڈاؤن کے پر فلسطینی اتھارٹی کے خلاف عوام مسلسل سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔ جمعہ اور ہفتہ کے ایام میں ہزاروں افراد نے غزہ میں فلسطینی اتھارٹی، صدر محمود عباس اور فلسطینی حکومت کے وزیراعظم رامی الحمد اللہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔
گذشتہ روز غزہ میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران صدر محمود عباس اور وزیراعظم کے پتلے نذرآتش کیے گئے۔
فوزی برھوم نے کہا کہ عوام کو اپنے جائز مطالبات کے حق کے حصول کے لیے احتجاج اور اظہار رائے کی آزادی کا حق ہے۔ غزہ کی پٹی میں شہری اور حکام مل کر بدامنی پرقابو پانے میں مصروف ہیں۔