فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسلامی جہاد کے ترجمان داؤد شہاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جماعت کے وفد کا دورہ مصر کامیاب رہا۔ اس دورے کے دوران اسلامی جہاد کی قیادت اور مصری حکام کے درمیان دو طرفہ دلچسپی کے امور، غزہ کی پٹی پر عائد پابندیوں میں نرمی اور فلسطینیوں کی آمد ورفت میں سہولت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مصری حکام نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے قیادت کے ساتھ طے پائے سمجھوتے کے بارے میں اسلامی جہاد کواعتماد میں لیا۔
داؤد شہاب نے کہا کہ اسلامی جہاد کے رہنماؤں اور مصری قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ مصری قیادت نے اسلامی جہاد کو یقین دلایا کہ سرحد پر امن وامان کے حالات کے بہتر ہوتے ہی غزہ کی پٹی کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اسلامی جہاد کے وفد کی فتح کے مںحرف رہنما محمد دحلان سے ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے داؤد شہاب کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کسی بھی فلسطینی جماعت یا رہنما سے ملاقات کے خلاف نہیں مگر حالیہ دورہ قاہرہ کے دوران اسلامی جہاد کے وفد کی دحلان کے ساتھ ملاقات نہیں ہوئی۔
