فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رفح کے علاقے میں حماس کے انتیسویں یوم تاسیس کی مناسبت سے نکالے گئے جلوس میں فلسطینی شہری حماس اور فلسطین کے قومی پرچم ہاتھوں میں اٹھا کر شریک ہوئے۔
شرکاء نے ہاتھوں میں شہداء کی تصاویر، بینرز اور کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینی تحریک آزادی کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔
حماس کے تاسیسی جلسے سے جماعت کے مرکزی رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر حماس کے سیاسی شعبے کے رکن ڈاکٹر محمود الزھار نے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی شہریوں پر اسرائیل کے خلاف مسلح مزاحمت جاری رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے فلسطین کے بٹوارے اور ارض فلسطین پر غاصب صہیونی ریاست کو تسلیم کرنے کے مزعومہ اوسلو معاہدے کو فلسطینی قوم کے خلاف دشمن کی سنگین سازش قرار دیتے ہوئے اسے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم پورے وطن کی مکمل آزادی سے کم پر ہرگز راضی نہیں ہوں گے۔
ادھر غزہ کی پٹی کے علاقے خان یونس میں بھی حماس کے یوم تاسیس کی مناسبت سے ریلیوں اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔
