مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یورپی یونین کا گذشتہ روز بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مشرق وسطیٰ سے متلق کئی اہم فیصلے بھی صادر کیے گئے۔ انہی فیصلوں میں عالمی برادری اور تمام یورپی ملکوں پر زور دیا گیا کہ وہ غزہ کی پٹی کی ہنگامی بنیادوں پر امداد کے لیے کوششیں تیز کریں۔
اجلاس کے آخر میں جاری اعلامیے میں مصر اور اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بیرون ملک سے آنے والے امدادی قافلے اور وفود غزہ داخل ہونے سے نہ روکیں اور غزہ کے راستے میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری طورپر ختم کیا جائے۔ تاکہ جنگ سے تباہ حال شہریوں کی دوبارہ آباد کاری اور بحالی کی سرگرمیاں تیز کی جا سکیں۔
بیان میں فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا احترام کرنے پر زور دینے کے ساتھ ساتھ فلسطینی مزاحمت کاروں، حماس اور اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف دھمکی آمیز زبان کے استعمال سے سختی سے گریز کریں۔ تاکہ جنگ بندی کی فضاء قائم کی جا سکے۔ یورپی یونین نے فلسطین۔ اسرائیل کے درمیان امن مذاکرات کی جلد بحالی پر بھی زور دیا اور کہا کہ یورپ مسئلے کے پرامن حل کے لیے ہونے والی مساعی کا خیر مقدم کرتا رہے گا۔
