غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی وزارت داخلہ کے زیرانتظام بارڈر اور گذرگاہ امور کے شعبے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری حکام نے کل ہفتے اور اتوار کو غزہ کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ رفح کو دو روز کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ حکام کا کہنا ہے کہ مصری بارڈر حکام کی طرف سے اطلاع دی گئی کہ ہفتے اور اتوار کو رفح گذرگاہ دو طرفہ آمد ورفت کے لیے کھولی جائے گی۔محکمہ گذرگاہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سفر کے خواہش مند رجسٹرڈ افراد کے سفر کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کے پاس موجود فہرست کے مطابق غزہ کی پٹی کے شہریوں کو بیرون ملک سفر کی اجازت دی جائے گی۔
مصری اخبار ’الیوم السابع‘ کے مطابق 15 اور 16 اکتوبر کو رفح گذرگاہ کھولنے کے بعد بند کردی جائے گی جب کہ 19,20,21,22 اکتوبر کے ایام میں بھی رفح گذرگاہ دوبارہ کھولی جائے گی۔
خیال رہے کہ فلسطینی محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ اس کے پاس بیرون ملک سفر کے لیے 30 ہزار افراد نے اپنا اندراج کرایا ہے۔ ان میں بڑی تعداد میں طلباء اور بیمار شہری ہیں جو بیرون ملک تعلیم یا علاج کے لیے جانا چاہتے ہیں مگر گذرگاہ کی بندش ان کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
