غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی دھڑوں میں مصالحتی اور مفاہمتی امور پر بات چیت کے لیے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) اور اسلامی جہاد کے وفود مصر روانہ ہوگئے ہیں۔ یہ وفود قاہرہ میں مصری قیادت کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے دفتر برائے اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کے سیاسی شعبے کے ارکان پر مشتمل ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد گذشتہ روز رفح گذرگاہ سے قاہرہ روانہ ہوا۔ وفد میں جماعت کے سیاسی شعبے کے نائب صدراور جماعت کے متعدد ارکان شامل ہیں۔حماس کے ایک با خبر ذریعے کا کہنا ہے کہ مصر جانے والے حماس کے وفد میں جماعت کے سیاسی شعبے کے ارکان نزار عوض اللہ ، خلیل الحیہ، عطاء اللہ انو السبیح، سامی ابو زھری، روحی مشتہی، طاھر نونو، غازی حمد اور صلاح الدین بردویل شامل ہیں۔
ادھر اسلامی جہاد کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد بھی مصالحتی عمل پر بات چیت کے لیے اتوار کو قاہرہ پہنچ گیا ہے۔ اسلامی جہاد کا وفد بھی رفح گذرگاہ کے راستے مصر روانہ ہوا۔