فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعرات کو علی الصباح شمالی غزہ میں بیت لاھیا کے مقام پر سمندر میں ایک کلومیٹر کے علاقے میں ماہی گیری کرنے والے فلسطینیوں پراسرائیلی فوج نے حملہ کردیا۔ فلسطینی کشتیوں پر فائرنگ کی گئی تاہم اس فائرنگ کے نتیجے میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ بیت لاھیا کے مقام پر اسرائیلی فوج نے ایک کارروائی کے دوران فلسطینی شہری عبدالعزیز سعد اللہ کو حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی فوجی مزید فلسطینی ماہی گیروں کو پکڑنے کی کوشش کررہے تھے کہ اس دوران فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے صہیونی فوجیوں پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد قابض فوجی بھاگ کھڑے ہوئے۔ صہیونی فوجیوں نے ایک شہری کو حراست میں لے لیا اور اس کی کشتی بھی ضبط کرلی گئی ہے۔
خیال رہے کہ سنہ 2014ء کو غزہ کی پٹی میں مزاحمت کاروں اور اسرائیلی فوج کے درمیان طے پائے جنگ بندی سمجھوتے کے تحت فلسطینی ماہی گیروں کو تین سے چھ کلو میٹر کے سمندری علاقے میں ماہی گیری کی اجازت دی گئی تھی مگر عملا صہیونی فوج فلسطینی ماہی گیروں کو ایک کلو میٹر سے بھی آگے سمندر میں جانے کی اجازت نہیں دیتے ہیں۔
