غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی بحریہ کی جنگی کشتیوں نے منگل کی صبح غزہ شہر کی جانب فلسطینی ماہی گیروں کی کشتیوں پر خودکار آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کی جس سے مچھیروں کی ایک کشتی کو نقصان پہنچا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی کشتیوں نے غزہ شہر کے شمال مغربی ساحلی علاقے میں السودانیہ ریجن میں فلسطینی ماہی گیروں کی دو کشتیوں پر حملہ کیا۔اسرائیلی بحریہ نے جب فلسطینی ماہی گیروں کی ملکیتی کشتیوں کا پیچھا کرتے ہوئے فائرنگ کی تو یہ چار سمندری میل کی حدود میں موجود تھیں۔ اسرائیلی فائرنگ سے ایک کشتی کو نقصان پہنچا۔
گذشتہ روز بھی اس علاقے میں اسرائیلی بحریہ کی فائرنگ سے ایک فلسطینی ماہی گیر زخمی ہوا تھا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی بحریہ روزانہ کی بنیاد پر غزہ کے سمندر میں مچھلیاں پکڑنے والے فلسطینی ماہی گیروں کو جان بوجھ کر بغیر کسی پیشگی اشتعال فائرنگ کا نشانہ بناتی ہے جس سے فلسطینی ماہی گیروں کے لئے سمندر سے اپنا رزق تلاش کرنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔
