(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقےغزہ کی پٹی کے وسطی علاقے دیر البلح کے مقام پر گذشتہ روز سرنگ کے ایک حادثے میں اسلامی تحریک مزاحمت’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کا ایک کارکن جام شہادت نوش کر گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دیر البلح میں سرنگ کے حادثے کے نتیجے میں 22 سالہ خالد مثقال الھور جام شہادت نوش کر گیا۔ شہید نوجوان کا تعلق اسلامی القسام سے ہے۔ اس کی شہادت سرنگ گرنے کے نتیجے میں ہوئی ہے۔بعد ازاں شہید کا جسد خاکی شہداء الاقصیٰ اسپتال لایا گیا جہاں پوسٹ مارٹم کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد آج اسے سپرد خاک کیا جائے گا۔ القسام اور حماس نے سرنگ حادثے میں کارکن کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطین کےعلاقے غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی کے باعث مقامی شہری بنیادی ضروریات کے حصول کے لیے سرنگوں کا سہارا لینے پر مجبور ہیں مگر سرنگیں موت کے کھیل سے کم نہیں ہیں۔ گذشتہ چند برسوں کے دوران سرنگوں کے حادثات میں کئی فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔