غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت کی جانب سے فلسطینی مساجد میں آذان پر پابندی کے خلاف بہ طور احتجاج فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں آج بدھ کے روز صبح اور شام کی تدریسی سرگرمیوں سے پہلے آذان دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ وزارت تعلیم کے ڈائریکٹر معتصم المیناوی نے بتایا کہ انہوں نے آج بدھ کے روز غزہ کے تمام اسکولوں میں تدریسی سرگرمیوں کے آغاز اور اسمبلی کے اوقات میں آذان دینے کی تاکید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام اسرائیل کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس اور سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی شہروں میں آذان پر پابندی کے اسرائیلی قانون کے خلاف احتجاج ہے۔فلسطینی محکمہ تعلیم کے عہدیدار نے صہیونی حکومت کی جانب سے مساجد میں لاؤڈ اسپیکر پر آذان دینے پر پابندی کی شدید مذمت کی اور اسے اسلام کے خلاف صہیونیوں کا کھلا اعلان جنگ قرار دیا۔ معتصم المیناوی نے کہا کہ آج اسرائیل نے مساجد میں آذان پر پابندی لگائی ہے کل کو کسی دوسرے بہانے کے تحت مساجد ہی کو بند کیا جاسکتا ہے۔
